غازی عرفان خان
پھولوں کو پانی دیتے وقت راشد نہ جانے کس سوچ میں گم تھا۔تبھی مریم اور صاد زور زور سے اَبو اَبو کی پکار لگا رہے تھے۔
ہاں بولو مریم کیا ہوا؟ راشد نے کہا۔
اَبو، امی کہہ رہی ہے آجائیں اور چائے پی لیں۔
راشد نے نل بند کر دیا اور چائے پینے کے لیے گیا۔ راشد اور اس کی بیوی حلیمہ عمرہ کے حوالے بات کر رہے تھے کہ اس سال بھی عمرہ کے لیے جائیں گے ۔ان شاء اللہ
دونوں میاں بیوی بہت خوش تھے کہ ہمیں تیسرا عمرہ نصیب ہونے والا ہے اور یہ دونوں اس کی تیاری میں لگ گئے۔
عمرہ کے دستاویزات پُر کرنے کے بعد آخر کار ان کا ویزا تیار ہوگیا اور دس دن بعد ان کو روانہ ہونا ہے۔
حسب معمول یہ دونوں رشتہ داروں اور اپنے قریبی لوگوں سے رخصت لینے کے لیے چلے گئے۔
السلام علیکم ، میرے یار آج شام کو بیگم کے ہمراہ تمہارے پاس آرہا ہوں، ان شاءاللہ۔ راشد نے اپنے قریبی دوست احمد کو کال کر کے اطلاع دی ۔۔۔
بعد نماز مغرب راشد اور اس کے اہلیہ حلیمہ بیگم احمد کی گھر کی طرف روانہ ہوئے ۔
ابھی چائے کا ایک ہی گھونٹ پیا تھا کہ احمد کے فون پر رنگ ہوئی۔ لیکن احمد نے اس کال کو نظر انداز کیا۔
کون ہے بھائی، آپ نے اس کال کو نظر انداز کیوں کیا۔ راشد نے احمد سے کہا۔
کیا بولوں یار! یہ عشرت تھی اپنے حصے کے بارے میں کال کی ہوگی، پچھلے چند مہینوں سے حصے کی مانگ کر رہی ہے۔ احمد نے جواب دیا۔
عشرت یعنی تمہاری اکلوتی بہن! اور کس حصے کے بارے میں بات کر رہے ہو! راشد نے کہا۔۔۔
ارے راشد تم بھی عقل کے کچے ہو, یہ اپنی وارثت کی بات کر رہی ہے آج کے زمانے میں کون بہن کو وراثت دیتا ہے۔
جی بالکل! احمد صحیح کہا آپ نے، آج کے وقت میں تو دنیا بھر میں بہنیں بھائیوں کو معاف کر رہی ہیں اور یہاں ہماری بہنیں وراثت ڈھونڈنے نکلی ہیں۔
کیوں راشد بھائی کہیں تمہارے ساتھ بھی ایسا تو نہیں ہوا، شاید فرزانہ اور زاہدہ بھی تو حصے کی بات کر رہی ہیں ۔احمد نے کہا۔۔
جی احمد میرا حال بھی ایسا ہی ہے گزشتہ روز جب میں ان دونوں کے گھر رخصتی کے لیے گیا تو وہاں بھی یہی بات اُٹھی، لیکن میں نے ان کی بات نظر انداز کی اور وہاں سے جلدی نکلا۔خیر اندھیرا بھی بہت ہوا۔اب اجازت دو، ایک دو دن بعد عمرے کے لئے روانہ ہونا ہے باقی کام بھی مکمل کرنے ہیں۔
ٹھیک ہے یار دعا کرنا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی عمرہ کی سعادت نصیب فرمائیں ۔۔
یہ کہہ کر احمد نے راشد کو گلے لگایا اور وہ وہاں سے گھر کی اور واپس نکلے۔
���
[email protected]
منیگام گاندربل، موبائل نمبر؛7006928384