عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑ قصبہ میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بعداب دیہات میں بھی کتوں کا راج قائم ہونا شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پہلے کشتواڑ قصبہ میں کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے عام لوگ پریشان تھے لیکن اب دیہات میں بھی کتوں نے عام لوگوں پر حملے کرنا شروع کر دئیے ہیں ۔ قصبہ کے قریبی علاقہ جات میں آے روز کتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے لیکن باوجود اسکے ان کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایاجارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ ان آوارہ کتوں نے جہاں جانوروں پر حملہ کر نا شروع کردیا ہے وہائیں عام لوگوں کو بھی وہ اپنی نشانہ بنا رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں دیہات میں کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے عام لوگوں بالخصوص بچوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے ۔پوہی کے رہائشی عاصم احمد نے بتایا کہ شام کے وقت جب وہ موٹر سائیکل پر گھر کی طرف جاتے ہیں تو راستے میں کئی جگہوں پر کتوںکی ٹولیاں موجود ہوتی ہیں جو ان پر حملہ کرتی ہیں اب ہم گزشتہ کئی روز سے کتوں کے ڈر کی وجہ سے جلدی گھر جانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے اور عام لوگوں کے بچائو کیلئے عملی بنیادوںپر اقدامات اٹھائے جائیں ۔