زاہدبشیر
گول//گول میں قریباًڈیڑھ ماہ سے تحصیلدارکی کُرسی خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔اگر چہ اب تاریخ پیدائش کی سند بھی تحصیلدار کو ہی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ تحصیل دفتر کا رخ کرتے ہیں لیکن آفیسر موصوف کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کی پریشانیاں بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے تحصیلدار کی کُرسی خالی پڑی ہوئی ہے ۔ پرانے تحصیلدار کی سبکدوشی کے بعد یہاں پر نئے تحصیلدار کی تعیناتی کے لئے ابھی تک کوئی اقدامات نہیں اُٹھائے گئے ہیں جس کی وجہ سے نیابت اندھ ، داڑم اور سنگلدان کے عوام کو بھی گول آکر کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد تحصیلدار کی کُرسی کو پُر کیا جائے تا کہ گول میں لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔