۔ 1900سولرپلانٹوں سے 27.61میگاواٹ حاصل |20000 کی تنصیب سے300میگاواٹ اضافہ ہوگا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیراعظم نریندرمودی کی طرف سے چیف سیکریٹریوں کی حالیہ کانفرنس میںدسمبر2025تک تمام سرکاری عمارات کی چھتوں پر سولرپاورپلانٹ نصب کرنے کے ہدف کوحاصل کرنے کیلئے تیاریوں کاایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکریٹری فائنانس کے علاوہ کمشنرسیکریٹری سائنس وٹیکنالوجی محکمہ اورچیف ایگزیکیٹوافسرجے اے کے ای ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام بھی موجودتھے۔میٹنگ کے آغاز میں چیف سیکریٹری نے معینہ مدت میں اس ہدف کو حاصل کرنے کیلئے موثرحکمت عملی اپنانے پرزوردیا۔انہوں نے کہا کہ سورج کی توانائی صاف اور سستی ہے اس لئے اس کو اپنایاجاناچاہیے اورمرکزی زیرانتظام علاقہ میں اس کے جتنے زیادہ امکانات ہیں،انہیں کھوج نکالناچاہیے۔انہوں نے صلاح دی کہ اس کیلئے بڑے اداروں جیسے این ایچ پی سی،این ٹی پی سی،یا ایس ای سی آئی سے میٹنگیں کی جائیں تاکہ سورج کی توانائی کابھرپور استعمال ہوااورمرکزی زیرانتظام خطہ میں تمام سرکاری عمارات پر اسے نصب کرنے کے امکانات کامطالعہ کیا جائے۔ڈلو نے ایسے اداروں کے ساتھ یک روزہ ورکشاپ کرنے کوبھی کہا اورانہیں سولرائزیشن مشن کے بارے میں اپنی دلچسپی سے آگاہ کیاجائے۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت معقول رقومات اس کیلئے جے اے کے ای ڈی اے کوفراہم کرنے کے علاوہ مرکزی زیرانتظام علاقہ میں اس پروگرام کے نفاذ میں ایجنسیوں کو سبسڈی بھی دے گی۔انہوں نے محکمہ کوصلاح دی کہ وہ ایک ماڈل کنٹریکٹ تیار کریں اور آئندہ چندہفتوں میں ہرضلع میں عمارات کی نشاندہی کریں ،جہاں یہ سولر پلانٹ لگائے جائیں اور اس کیلئے سروے کے بعد ڈی پی آر تیار کریں۔انہوں نے انہیں کہا کہ وہ دیگرریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں اس کے کامیاب نفاذ کودیکھیں۔انہوں نے اس مقصد کے حصول اور واضح نقش راہ کیلئے کسی معروف تنظیم سے تیکنیکی معاونت حاصل کرنے پربھی زوردیا۔میٹنگ میں سائنس وٹیکنالوجی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری سوربھ بھگت نے کہا کہ مرکزی زیرانتظام خطہ کے اضلاع کے سرکاری دفاترمیں 22494اندراجات ان کے نام ہیں اور ان کی منظور شدہ لوڈ صلاحیت486میگاواٹ ہیں۔میٹنگ میں یہ بھی بتایاگیا کہ پہلے ہی1900عمارات پر سولرپلانٹ نصب کئے گئے ہیں ،جو جے اے کے ای ڈی اے یادیگرمحکموں نے لگائے ہیں اور ان کی مجموعی صلاحیت ابھی تک 27.61میگاواٹ ہے۔اس کے علاوہ یہ بھی بتایاگیا کہ اس میں مزید300میگاواٹ کااضافہ ہوسکتاہے ،جب مزید20000عمارات کی چھتوںپرسولر پلانٹ نصب کئے جائیں گے۔مزید بتایا گیاکہ ہرمحکمہ کو عمارات کی فہرست معہ منظورشدہ لوڈ ،سایہ کے بغیر چھت کی جگہ اوردیگر معلومات فراہم کرناہوں گی۔