عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اے ڈی جی پی جموں زون آنند جین نے سائبر پولیس سٹیشن جموں زون کا دورہ کیا اور سائبر کرائم سے متعلق معاملات سے پیشہ ورانہ طور پر نمٹنے کیلئے افسران/ اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔معائنہ کے دوران آفیسر موصوف نے جموں زون نے سائبر پولیس سٹیشن کی طرف سے سائبر کرائمز کی مختلف اقسام کی تحقیقات میں کی گئی کوششوں کی تعریف کی اور مصنوعی ذہانت/ڈیپ فیکس جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی سے متعلق آنے والے سائبر کیسوں سے نمٹنے کے لئے مزید انسانی اور تکنیکی کوششیں کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ سائبر تحقیقاتی ٹیمیں جموں زون کے ہر ضلع میں ضلعی ہیڈکوارٹر کی سطح پر فعال کی جائیں گی تاکہ بے گناہ عام لوگوں کو سائبر جرائم کی مختلف اقسام کی اطلاع دینے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سائبر پولیس اسٹیشن کو افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مزید مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اے ڈی جی پی نے سائبر پولیس سٹیشن کی عمارت کی تعمیر کی پیشرفت کے بارے میں بھی دریافت کیا اور متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کے ساتھ مشاورت کے ساتھ تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ اسے جلد از جلد فعال بنایا جاسکے۔