عاصف بٹ
کشتواڑ // وادی چناب کے ضلع کشتواڑ میں قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے لیکن محکمہ سیاحت 2023میں فیسٹیولوں کے نام پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی سیاحوں کو ان سیاحتی مقامات کی جانب راغب کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔2023 میں ضلع کشتواڑ میں محکمہ سیاحت و ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے متعدد فیسٹول کا اہتمام کیا گیا اور ان پرکروڑوں روپے صرف کے گئے لیکن باوجود اسکے محکمہ سیاحوں کو اپنی طرف راغب نہ کرسکے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ اگر اتنا پیسہ خرچ کرنے کے بعد بھی سیاح نہیں آئے تو مذکورہ مشقیں بے سود ثابت ہوئی ہیں ۔غلام نبی نامی مقامی شخص نے بتایاکہ ضلع کے اندر بے شمار سیاحتی مقامات موجود ہیں جو سیاحوں کو اپنی طرف رااغب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگرچہ انتظامیہ نے بہترین قدم اٹھایا تھا اور سنتھن پاڈر دیوگول و اڑون جیسی دلکش مقامات پر فیسٹول کا اہتمام کیاتھا لیکن محکمہ ان فیسٹول میں باہر سے سیاحوں کو لانے میں ناکام ثابت ہوا۔مقامی سیاحوں سے ان مقامات کو کچھ خاص فائدہ نہیں ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ سنتھن فیسٹول میں ناچ و گانے پر لاکھوں روپے صرف ہوے اور انتظامیہ نے بتایا کہ یہ فیسٹول کامیاب رہا جسکے بعد امید لگائی جارہی تھی کہ دیگر فیسٹول میں سیاحوں کا بھاری رش ہوگا اور وہاں پر باہر سے سیاح آئیں گئے لیکن باہر کے سیاحوں کا نہ آنا سب سے بڑی ناکامی ثابت ہوئی۔مقامی لوگوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ وہ مذکورہ فنڈز کو ان سیاحتی مقامات کی تعمیر وترقی کیلئے استعمال کر کے بنیادی ڈھانچہ تیار کرتا تا کہ عام لوگوں کو مذکورہ مقامات پر بنیادی سہولیات میسر ہو تیں ۔انہوں نے کہاکہ کشتواڑ کا واڑون علاقہ اپنے خوبصورتی کیلئے مشہور ہے لیکن بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے سیاح مذکورہ مقامات کی جانب نہیں جاتے ۔انچارج سی ای او کشتواڑ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ انکے پاس مکمل تعداد نہیں ہے لیکن سبھی فیسٹول میں مقامی سیاحوں کی تعداد زیارہ تھی ۔سنتھن فیسٹول میں ضلع کشتواڑ ڈوڈہ جموں و کشمیر سے بھی لوگوں نے شمولیت کی تھی جہاں دوروز میں بیس ہزار کے قریب سیاح آے تھے۔وہی دیوی گول میں کشتواڑ و ڈوڈہ کے لوگوں نے حصہ لیاتھا جبکہ واڑون فیسٹول میں مقامی سیاح و کشمیر سے لوگوں نے شرکت کی تھی۔سنتھن و اڑون فیسٹیول کو منعقد کرنے کے لے ڈاریکٹر ٹورازم کی جانب سے ٹینڈر نکالے گے تھے جبکہ بیسکھائی ، دیوی گول فاکس گلو، سکینگ کو کرانے کیلئے ضلع و مقامی انتظامیہ نے ان کو منعقد کیاتھا۔ انھوں نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوے کہاکہ کشتواڑ میں سیاحی مقامات اگرچہ بیشمارہے لیکن بنیادی ڈھانچے کی کمی ہنوز سنگین مسئلہ ہے جسے سیاحوں کو راغب کرنے میں دشواری ہورہی ہے۔