عظمیٰ نیو ز سروس
کٹھوعہ //مرکزی وزیر مملکت ،سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جہاں ہندوستان بائیو ٹیکنالوجی میں عالمی سطح پر اپنا منفرد مقام رکھتا ہے وہیں شمالی ہندوستان کے پہلے بائیوٹیک انڈسٹریل پارک کے ساتھ کٹھوعہ شمالی ہندوستان کا اسٹارٹ اپ مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔بائیوٹیک پارک، کٹھوعہ میں ’’شمالی ہندوستان میں ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپ ٹرینڈس‘ کے موضوع پر بائیوٹیک اسٹارٹ اپ ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں موصوف نے کہا کہ ملک میں بائیوٹیک ایکو سسٹم تیزی سے ابھر رہا ہے جس میں 6500 سے زیادہ اسٹارٹ اپس اور 75 بائیو ٹیک ہیں۔ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ ہندوستان کی بائیو اکانومی میں29 فیصد کاغیر معمولی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جو کہ قابل ستائس عمل ہے جس نے 100 بلین ڈالر کے اہم سنگ میل کو عبور کیا۔انہوں نے بتایا کہ 2022میں بائیو اکانومی 137.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان کی اجتماعی کوششیں اور پیشرفت اس میدان میں ایک عالمی شہرت کے طور پر ملک کی صلاحیت کو اجاگر کررہی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ اختراعی ماحولیاتی نظام فروغ پا رہا ہے، اور ہندوستان دنیا بھر میں بائیو ٹکنالوجی کے 10 سرفہرست مقامات میں سے ایک بننے کی خواہش رکھتا ہے۔ بائیوٹیک اسٹارٹ اپ کا عروج ملک کی مستقبل کی معیشت کے لئے اہم ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جیسے جیسے ہندوستان آگے بڑھ رہا ہے، یہ ضروری ہے کہ اب ہم اختراعیوں اور کاروباری اداروں کی پائیداری اور پیمانے پر توجہ مرکوز کریں اور ایک فعال ماحولیاتی نظام فراہم کرتے رہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہم قومی اور عالمی اثرات مرتب کر سکیں۔موصوف نے کہا کہ ’’اسٹارٹ اپ اور کمپنیاں اب معاشرے کی بہتری کے لئے ان کی کوششوں کی وجہ سے پہچانی جا رہی ہیں،ہم نے ٹیلنٹ پول کو پروان چڑھانے اور اسٹارٹ اپس کو بیج، کامیابی اور پیمانے کے مواقع فراہم کرنے میں ایک طویل سفر طے کیا ہے‘‘۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں میں ابھرتے ہوئے بائیوٹیک ماحولیاتی نظام کو جموں و کشمیر میں اختراعی ماحولیاتی نظام کی پرورش کے لئے تعاون کیا گیا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اگلے 25 سالوں میں ’’امرت کال‘‘ کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے تمام پیشوں کے درمیان وسیع تر ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 25 سال ملک کے لئے بہت اہم ہیں، اور جب ہندوستان 2047 میں اپنی آزادی کے 100 سال کا جشن منائے گا تو کٹھوعہ کے نوجوان ہندوستان کو ’’وشوا گرو‘‘ بنانے میں عظیم تعاون کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔ایکسپو میں 200 سے زائد مندوبین اور 25 بائیوٹیک اسٹارٹ اپس نے شرکت کی جنہوں نے بائیو ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں اپنی اختراعات کی نمائش کی۔