عظمیٰ نیو زسروس
سرینگر//سال 2023کے دوران دس لاکھ سے زیادہ سیاحوں (1013458) نے گنڈولا کی سواری کا لطف لیا جس سے جموں کشمیر کیبل کار کارپوریشن کو 108 کروڑ روپئے سے زیادہ آمدنی حاصل ہوئی۔ سال 2022 کے اعدادوشمار کے مقابلے میں یہ ایک حوصلہ افزا کامیابی ہے جو 91 کروڑ کی آمدنی ھاصل ہوئی تھی اور 8۔50 لاکھ سیاح لطف اندوز ہوئے تھے۔یہ ممکنہ طور پر ہندوستان کا سب سے مشہور روپ وے ہے اور 14000 فٹ کی بلندی پر یہ ایشیا کی سب سے زیادہ آپریٹنگ کیبل کار ہے۔بہتر آمدنی اور مہمانوں کے دوروں کے علاوہ کارپوریشن نے گزشتہ سال کے دوران ٹکٹ جاری کرنے کے طریقہ کار کو بہتر بنا کر کئی حفاظتی ٹیسٹ کر کے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ گنڈولا کے دوسرے مرحلے کی مرمت کر کے سروس ڈیلیوری کو بہتر کیا گیا۔گنڈولا کی سواریوں کا آغاز کرنے والے سیاحوں کے پاس شیٔر کرنے کیلئے یادگار تجربات ہوتے ہیں۔ لندن سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح اکشے نے کہا ’’یہ ایک حیرت انگیز سواری ہے۔ بکنگ بغیر کسی رکاوٹ کے تھی۔
میں ہر طرف سے لوگوں کو گلمرگ گنڈولا کے تجربات سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتا ہوں‘‘۔ ایک اور سیاح جوڑے شبہم اور جت، جو پہلی بار گلمرگ کا دورہ کر رہے ہیں، نے گلمرگ گنڈولا کے دونوں مرحلوں پر انتظامات اور صفائی ستھرائی سے متوجہ ہوئے۔ ان تجربات کی بازگشت دہلی کے ایک اور خاندان نے بھی سنائی۔’’گنڈولا کے اہلکار بہت ملنسار ہیں۔ میری بیٹی کو ٹھنڈ پڑ گئی اور ان لوگوں نے اس کی ہر ممکن مدد کی‘‘۔ جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر راجہ یعقوب نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی سہولت، وقت کی بچت اور کسی بھی بلیک مارکیٹنگ کے امکانات کو روکنے کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کے آن لائن موڈ سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن سیاحوں کو آسان، پریشانی سے پاک اور محفوظ سواری دیکر اپنے تجربے کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے آنے والے دنوں میں اور بھی بہتر سہولیات کی یقین دہانی کرائی اور سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ ٹکٹ میں بتائے گئے اوقات پر عمل کریں تاکہ کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے تاثرات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور کسٹمر سروسز میں ضروری بہتری لائی جا رہی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گلمرگ کیبل کار دو مراحل پر مشتمل ہے۔ ایک گلمرگ سے کونگہ ڈوری وادی تک اور دوسرا کونگہ ڈوری سے اپھروٹھ چوٹی تک ہے۔