عظمیٰ نیوز سروس
جموں / /جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج اور جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین جسٹس تاشی ربستان نے سینٹرل جیل کوٹ بھلوال میں ڈینٹل بیداری اور حفظان صحت کیمپ کا اِفتتاح کیا تاکہ جیل کے قیدیوں کے دانتوں کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔جسٹس تاشی ربستان کے ہمراہ ممبر سیکرٹری جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی امت کمار گپتا تھے ۔جسٹس تاشی ربستان کو رسمی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔جسٹس تاشی ربستان نے اندرا گاندھی گورنمنٹ ڈینٹل کالج کی طرف سے جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی اور محکمہ جیل خانہ جات کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ بیداری کم ڈینٹل حفظان صحت کیمپ کا اِفتتاح کرنے کے بعد کہا کہ دانتوں کی صفائی ہر شخص کے لئے یکساں طور پر ضروری ہے اوربیداری کی کمی کی وجہ سے لوگ عام طور پر دانتوں کے مسائل کو اہمیت نہیں دیتے ہیں اور یہ بیداری اور حفظان صحت کیمپ بالخصوص جیل کے قیدیوں کو درپیش دانتوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔ جسٹس ربستان نے جموں و کشمیریوٹی کی مختلف جیلوں کے اَپنے پہلے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جیل کے متعدد قیدیوں نے ڈینٹل چیک اَپ کے لئے ڈینٹل ہسپتال بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا،لہٰذا جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی نے پرنسپل اندرا گاندھی گورنمنٹ ڈینٹل کالج اور ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ساتھ تفصیلی میٹنگ منعقد کی تھی جس میںجموںوکشمیر کے تمام جیلوں میں دو مرحلوں میں دانتوں سے متعلق آگاہی اور حفظان صحت کے کیمپوں کے انعقاد کے لئے دو ماہ پر محیط ایک کیلنڈر تیار کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبہ جموں کی جیلوں اور دوسرے مرحلے میں صوبہ کشمیر کی تمام جیلوں کا احاطہ کیا جائے گا۔پرنسپل اِندرا گاندھی گورنمنٹ ڈینٹل کالج نے ایگزیکٹو چیئرمین کو بتایا کہ سینٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں میں 22 ڈینٹل سرجنوں اور 4 تکنیکی ماہرین پر مشتمل مختلف ٹیمیں دو دن کے لئے تعینات کی گئی ہیں جو نہ صرف دانتوں کی حفظان صحت کے بارے میں بیداری پھیلائیں گی بلکہ کیمپ کے دوران دانتوں کی جانچ اور علاج بھی فراہم کریں گی۔ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات نے ایگزیکٹیو چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جیل کے قیدیوں کے لئے اس طرح کے پروگراموں کے اِنعقاد اور ان کے مسائل کے حل میں لیگل سروسز اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو چیئرمین سے مختلف جیلوں میں طبی عملے کی کمی کا معاملہ حکومت کے متعلقہ حکام کے سامنے اُٹھانے کی بھی درخواست کی۔اِس کے بعد جسٹس تاشی ربستان نے جموں کے جے ڈی اے کمپلیکس میں جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کے دفتر کا معائینہ کیا اور وہاں تعینات عملے سے بات چیت کی۔ جسٹس تاشی نے ان سبھی پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے لگن کے ساتھ کام کریں کہ لیگل سروسز اتھارٹی کا پرچم بلند ہو۔بعد ازاں ، جسٹس ربستان نے جموں کے چھنی راما میں ذہنی طورکمزور افراد کے ہوم’’ مسکان‘‘ کا دورہ کیا تاکہ قیدیوں کے حالات زندگی میں ہونے والی بہتری کا جائزہ لیا جا سکے۔ایڈمنسٹریٹر ہوم’مسکان‘ نے جسٹس ربستان کو جانکاری دی کہ حال ہی میں ہوم کی لڑکیوں نے وِی وائی او ایم 2023 میں حصہ لیا اور ایک ثقافتی تقریب میں اَنعام بھی حاصل کیا۔