عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی// جموں صوبہ کے ضلع ریاسی میں تجارتی یونٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے 21 دنوں کے اندراندر اپنے کاروباری احاطے میں کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن (CCTV) کیمرے نصب کریں۔
ضلع مجسٹریٹ، ریاسی، ویش پال مہاجن نے کٹرہ اور رانسو میں ہوٹلوں، گیسٹ ہاو¿سز، ریستوراں، ڈھابوں، شاپنگ مالز اور دیگر تجارتی اداروں کے مالکان سے بھی کہا کہ وہ اپنے ملازمین کی تفصیلات اپنے متعلقہ تھانے اور تحصیلداروں کو اسی مدت کے اندر فراہم کریں۔
ریاسی ضلع کے کٹرہ میں ماتا ویشنو دیوی کے مقدس مقامات اور پونی کی تحصیل رانسو میں شیو کھوڑی مندر میں ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں یاتری ہر روز آتے ہیں، جس کو مدِ نظر رکھ کر یہ احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
منگل کو جاری کردہ ایک حکم میں، ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ سی سی ٹی وی کی تنصیب سے نہ صرف جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ لوگوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
مہاجن نے کہا، ”مجرموں، سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر کو جرائم کے ارتکاب سے روکنے کے لیے، ایسے اداروں کے باہر سی سی ٹی وی کی تنصیب طاقت بڑھانے کے طور پر کام کرے گی، جو ان اداروں میں آنے والے عام لوگوں/صارفین میں مزید اعتماد پیدا کرے گی“۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ “اس حکم کی کوئی بھی خلاف ورزی تعزیراتِ ہند کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کاروائی کو اپنی طرف متوجہ کرے گی۔
کٹرہ اور رانسو میں تجارتی یونٹوں میں کام کرنے والے ملازمین کی تفصیلات طلب کرنے والے ایک اور حکم میں، مہاجن نے کہا کہ عوام اور مقدس مقامات پر آنے والے زائرین کی حفاظت کے لیے ملازمین کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔
کاروباری اداروں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تفصیلات بشمول آدھار نمبر، پتہ اور موبائل فون نمبر اپنے متعلقہ تھانوں اور تحصیلداروں کو 21 دنوں کے اندر اندر فراہم کریں۔