عظمیٰ نیوز سروس
جموں // جموں و کشمیر کی کرافٹ مین کمیونٹی کو بااختیار بنانے، ان کی قابلیت کو بڑھانے اور انہیں خود روزگار کے بارے میں بااِختیار بنانے کے علاوہ اُنہیں صنعت سے متعلق مہارتوں سے آراستہ کرنے کی طرف ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے جموںوکشمیرآج انڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ ( آئی ٹی آئی) شوپیاں میں درزی کرافٹ میں 30 زیر تربیت اَفراد ( وشوا کرما) کے پہلے بیچ کی تربیت سے پی ایم وشو کرما یوجناکو عملانے والا ملک کا پہلا یوٹی بن گیا ۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر اور سیکرٹری مرکزی وزارتِ سکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ (ایم ایس ڈی اِی) اتل کمار تیواری نے آئی ٹی آئی شوپیاں میں وشوکرما کے تربیتی پروگرام کا عملی طو رپر اِفتتاح کیا۔اس موقعہ پرجوائنٹ سیکرٹری ایم ایس ڈی اِی سونل مشرا، کمشنر سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر سوربھ بھگت، ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں فضل الحسیب ، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر، سرکاری آئی ٹی آئیز کے پرنسپلوں، سپرانٹنڈنٹوں اور اِنسٹرکٹروں، مختلف کاریگر اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مشیر موصوف نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے جموں و کشمیر کے لئے ایک قابل فخر لمحہ ہے کہ مرکزی حکومت کی مدد سے جموں کشمیراِس پروگرام کو شروع کرنے والا ملک کا پہلا یوٹی بن گیا ہے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہاکہ پی ایم وِی وائی ایک اہم سکیم ہے کیوں کہ اِس کا مقصد ہمارے کاریگروں کو بااِختیار بنانے کے لئے شناختی تربیتی ٹول کِٹس سرٹیفیکیشن مارکیٹنگ سپورٹ اور آسان قرضے فراہم کرنا ہے۔انہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ یہ سکیم ہمارے ملک کے کاریگروں کو عزت دینے اور بااِختیار بنانے کے لئے بھی پُرعزم ہے جو مجموعی طور پر ہماری قوم کی معیشت میں بے پناہ کردار اَدا کرتے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ایل جی کی قیادت والی موجودہ اِنتظامیہ پورے خطے میں ہنرمند ماحول کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔اس موقعہ پر مشیر موصوف نے پروگرام کی عمل آوری میں ایس ڈی ڈی اور آئی ٹی آئی شوپیاں کی کوششوں کی ستائش کی اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ملک کی اِقتصادی ترقی میںتعاون کرنے میں سکل ڈیولپمنٹ کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کاریگروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اِس موقعہ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں اور پورے جموں و کشمیر میں تبدیلی کے محرک بنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اِس سکیم کو جلد ہی جموں وکشمیر کے تمام اَضلاع میں شروع کیا جائے گا۔اس موقعہ پر سیکرٹری ایم ایس ڈی اِی نے خطاب کرتے ہوئے اِس سکیم کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالی۔