یو این آئی
تل ابیب//اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہزاروں فوجیوں کو غزہ کی پٹّی سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے تاہم مرکزی علاقوں میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے ۔ اسرائیلی فوج کی نقل و حرکت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ غزہ کے کچھ علاقوں بالخصوص شمالی نصف حصے میں جنگ کی شدّت کم ہو رہی ہے جہاں فوج کا کہنا ہے کہ وہ آپریشنل کنٹرول سنبھالنے کے قریب ہے تاہم غزہ کے دیگر علاقوں خصوصاً جنوبی شہر خان یونس اور علاقے کے مرکزی علاقوں میں شدید لڑائی جاری ہے ۔اسرائیل کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اس کے اہم اتحادی امریکا کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا ہے کہ وہ جنگ کو کم شدّت کی لڑائی میں بدل دے ۔فوج نے ایک بیان میں کہا کہ پانچ بریگیڈز یا کئی ہزار فوجیوں کو تربیت اور آرام کے لیے آنے والے چند ہفتوں میں غزہ سے باہر نکالا جا رہا ہے ۔ اتوار کو ایک بریفنگ میں فوجیوں کے انخلا کا اعلان کیا گیا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے فوجیوں کا انخلا کیا جا رہا ہے ۔فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہاگری نے بریفنگ میں یہ بھی نہیں بتایا کہ آیا اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل جنگ کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کر رہا ہے ۔