یو این آئی
ٹوکیو// جاپان کے ہونشو جزیرے کے مغربی ساحل پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی۔چائنا ارتھ کوئیک نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق پیر کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 10 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 تھی۔سی ای این سی نے کہا کہ زلزلے کا مرکز 37.50 ڈگری شمالی عرض البلد اور 137.20 ڈگری مشرقی طول البلد میں 30 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔جاپان کے سرکاری ٹی وی این ایچ کے ٹی وی کے مطابق اشیکاوا پریفیکچر کے نوٹو کے علاقے میں لہریں پانچ میٹر تک اٹھنے کا امکان ہے۔ سونامی کے امکان کے پیش نظر زلزلے کے بعد لوگوں کو جلد از جلد اونچی جگہوں یا قریبی عمارتوں کی بالائی منزلوں پر منتقل ہونے کو کہا گیا۔ فی الحال زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ کئی رپورٹس میں جاپان میں بڑی تعداد میں پاور پلانٹس کی بندش کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ جبکہ لوگوں کو فوری طور پر بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔