عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں پولیس نے شہر میں بھتہ خوری کے 2 معاملات کو 72 گھنٹوں کے اندر حل کیا۔ اس دوران خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کچھ افراد اپنے آپ کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے دن دیہاڑے بشناہ قصبہ کے ایک گلی کے ہاکر (پھیری والا) سے چھیننے کی واردات میں ملوث ہیں، خود کو جموں و کشمیر پولیس کا انچارج چوکی افسر ظاہر کر کے ہاکروں سے رقم بٹور رہے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایک بار پھر اسی طرح کی اطلاع دبلہار آر ایس پورہ سے موصول ہوئی، جہاں ایک انڈے بیچنے والے نے اطلاع دی کہ کچھ نامعلوم افراد نے آلٹو چلاتے ہوئے خود کو جموں و کشمیر پولیس کا انچارج چوکی افسر ظاہر کر کے اس سے اس کے موبائل فون سمیت 2000 روپے بھتہ لے لیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ دونوں واقعات میں 2 ایف آئی آر درج کر کے دونوں تھانوں کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ پولیس ٹیموں نے بھرپور کوششیں کیں اور مختلف علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بالآخر 3 ملزمان کو پکڑ لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے مذکورہ کیس میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ان کے انکشاف پر بھتہ خوری کی رقم سمیت جرم کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت اکھل چوپڑہ ولد پریم چوپڑہ سکنہ آر ایس پورہ، روشن ولد بچن لال سکنہ آر ایس پورہ اور نتن کمار ولد نریش کمار سکنہ آر ایس پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔