عظمیٰ نیوز سروس
جموں // جموں میں طویل عرصے کے بعد کوویڈ کا پہلا کیس درج کیا گیا ہے۔ مثبت آنے والے شخص میں معمولی علکامات دیکھنے کے بعد اسے گھر میں کورنٹین کیا گیا۔گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے پرنسپل آشتوش گپتا نے کہا کہ یہ شہر میں طویل عرصے کے بعد پایا جانے والا پہلا کیس ہے اور مریض کے نمونے کو جنیوم کی جانچ کیلئے بھیجا گیا ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ متاثر شخص میں کوویڈ کی علامات ہیں یا وہ کوویڈ کی نئی ہیت JN-1میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریض کی کوئی سفری تاریخ نہیں ہے لیکن وہ کسی ایسے شخص سے رابطہ میں آیا ہے جو کچھ دن پہلے بیرون ملک سے واپس آیا ہے۔گپتا نے کہا کہ اسے گھر میں الگ رکھا گیا ہے اور نمونے کی رپورٹ کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچا جاسکتا ہے۔20دسمبر کو صحت و طبی تعلیم کے سیکریٹری بھوپندر کمار نے کوویڈ کی صورتحال اور اسکے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کو ہر طرح کی صورتحال کیلئے تیار رکھا گیا ہے۔ادھر وزارت صحت نے جمعہ کو بتایا کہ ہندوستان میںکوویڈ کے 797 نئے کیسز درج ہوئے ، جو 225 دنوں میں سب سے زیادہ ہے، جب کہ انفیکشن کے فعال کیسز کی تعداد 4,091 ریکارڈ کی گئی ہے۔کووڈ کی وجہ سے پانچ نئی اموات ہوئیں۔دو کیرالہ سے اور ایک ایک مہاراشٹر، پڈوچیری اور تمل ناڈو سے 24 گھنٹوں کے دورانیہ میں رپورٹ ہوئی ۔ملک میں 19 مئی کو 865 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔ ایک نئی قسم سامنے آنے کے بعد کیسز پھر بڑھ گئے ہیں۔2020 کے اوائل میں شروع ہونے والی وبائی بیماری کے عروج پر روزانہ کی تعداد لاکھوں میں تھی اور اس کے بعد سے ملک بھر میں تقریباً چار سالوں میں 4.5 کروڑ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے اور 5.3 لاکھ سے زیادہ اموات ہوئیں۔