عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر اودھم پور کے جکھینی ناکہ پر ایک ڈرائیور کی مشکوک حالت میں موت ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ اودھم پور پر جکھینی ناکہ چیکنگ پر جمعہ کی صبح 4 بجے ٹرک ڈرائیور کی پراسرار حالات میں موت ہو گئی۔ اُنہوں نے بتایا کہ واقع کے بعد ٹرانسپورٹروں نے پولیس پر ڈرائیور کے ساتھ مبینہ مار پیٹ کا الزام لگایا۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق، سیب سے بھرا ایک ٹرک کشمیر سے مہاراشٹر جا رہا تھا، جس دوران جکھینی ناکہ چینکنگ پر پولیس نے ٹرک کو چیکنگ کے لیے روکا اور چیکنگ کے دوران ٹرک کے ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی۔ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ایسوسی ایٹڈ ہسپتال گورنمنٹ میڈیکل کالج اودھم پور منتقل کر دی گئی، پوسٹ مارٹم کے بعد متوفی کی لاش کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ متوفی کی شناخت ترلوچن سنگھ عمر 40 سال سکنہ جموں کے طور پر ہوئی ہے۔
ٹرک کے مالک نے الزام لگایا کہ اسے جکھینی ناکہ چیکنگ پر پولیس نے مار مار کر ہلاک کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تفصیلی انکوائری چاہتے ہیں کہ میرے ٹرک کے ڈرائیور کی موت کیسے ہوئی۔
دریں اثنائ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ادھم پور انوار الحق نے بتایا کہ جکھینی ناکہ چیکنگ پر چیکنگ کے دوران ڈرائیور بے ہوش ہو گیا اور اسے متعلقہ ہسپتال گورنمنٹ میڈیکل کالج اودھم پور منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موت کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دیا ہے۔