عظمیٰ نیوز سروس
جموں //ملک بھر کے لوگ 2024 کے عام انتخابات کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ووٹ ڈالنے اور بی جے پی کو زبردست اکثریت کے ساتھ تیسری مدت کے لئے دوبارہ اقتدار میں واپس لانے کا ارادہ کر لیا ہے۔ جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور سابق ایم ایل سی وبود گپتا نے یہ بات جموں ایسٹ اسمبلی میں ڈینٹل کالج کے قریب وارڈ 17 میں منعقدہ پی ایم وشوکرما یوجنا بیداری اور رجسٹریشن کیمپ کے دوران او بی سی برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وبود گپتا نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے غریبوں اور کمزور طبقات کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے درجنوں فلاحی اسکیمیں شروع کی ہیں اور مختلف زمروں کے لوگوں نے ان سے فائدہ اٹھایا ہے۔وبود گپتا نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کا خیال رکھنے کے عزم کو جاری رکھتے ہوئے اس حکومت نے اب ’پی ایم وشوکرما یوجنا‘شروع کی ہے، جو ایک میگا اسکیم ہے جس کا مقصد دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور دیگر لوگوں کیلئے روزی روٹی کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم کا مقصد گرو شیشیا پرمپار یا خاندان پر مبنی روایتی ہنر مندی کو مضبوط اور پروان چڑھانا ہے جو دستکاروں اور دستکاری کے لوگوں کے ذریعہ اپنے ہاتھوں اور روایتی اوزاروں سے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دستکاروں کی مصنوعات اور خدمات تک رسائی اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وشوکرما گھریلو اور عالمی ویلیو چینز کے ساتھ مربوط ہوں۔