عظمیٰ نیوز سروس
جموں //پاکستان نے بھارت کی مخلصانہ کوششوں اور دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا کبھی احترام نہیں کیا۔ اس کے برعکس، پاکستان نے ہمیشہ پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ان خیالات کا اظہار بھاجپا سنیئر لیڈر شام لال شرما نے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے ایک بیان کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اب ٹھوس اقدامات کے ساتھ آمادگی ظاہر کرنی ہوگی نہ کہ صرف غدارانہ الفاظ کے ذریعے اپنی سرزمین میں پناہ گزین دہشت گردوں کو ختم کرکے اور تمام دشمنانہ سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنا ہوگا۔شام شرما نے کہا کہ ہندوستان نے کبھی پاکستان پر حملہ نہیں کیا اور پاکستان نے ہندوستان پر چار بار براہ راست اور کئی بار پراکسی دہشت گردوں کے ذریعے حملہ کیا ہے۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ کو یہ بھی یاد دلایا کہ جب بھی بھارت نے ‘دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر’ اپنانے والے پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے پر غور کیا ہے تو پاکستان نے بم دھماکوں، شورشوں سے جواب دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این سی کے سینئر لیڈر کو گمراہ کن بیانات سے عوام کو دھوکہ دینا بند کرکے جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہئے۔شرما نے مزید کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ برصغیر میں امن کی وکالت کی ہے۔سابق وزیر اور جموں و کشمیر بی جے پی کے نائب صدر شام لال شرما، سوچھ بھارت ابھیان کے پارٹی انچارج دل بہادر سنگھ جموال کے ہمراہ بی جے پی ہیڈ کوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں افراد اور وفود کا دورہ کرکے پیش کی گئی شکایات سن رہے تھے۔شام لال شرما نے کہا کہ سب کی فلاح و بہبود کے یکساں اصولوں پر یقین رکھتے ہوئے اور ان کی تبلیغ کرتے ہوئے، بی جے پی عوام کے مسائل کو حل کرنے میں سرگرم عمل رہی ہے اور ان کیمپوں نے لوگوں کو ان کے مسائل حل کرنے کا ذریعہ فراہم کیا ہے۔اس دوران سانبہ ،کشتواڑ ،ادھم پور ،بھدرواہ ،رام بن کیساتھ ساتھ پونچھ و دیگر اضلاع سے عوامی وفود مختلف مسائل کے سلسلہ میں بھاجپا دفتر آئے ہوئے تھے ۔