ٹی ای این
سرینگر// جیسا کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا نے سرینگر جموں ہائی وے پر ناشری ٹنل ٹول پوسٹ پر نئے ٹول ریٹس متعارف کرائے ہیں، ٹرکوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور کار مالکان کے سفر کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے۔ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، گاڑیوں کے مختلف زمروںکے نئے نرخ مقرر کئے گئے ہیںجو 23 دسمبر 2023 سے لاگو ہوں گے۔ٹول میں اضافے سے ٹنل کے ذریعے سامان کی نقل و حمل کی لاگت بڑھے گی، جس سے وہ کاروبار متاثر ہوں گے جو سڑک کی نقل و حمل پر انحصار کرتے ہیں۔ کشمیر کے علاقے میں متعدد اشیاء فراہم کرنے والے تاجر سمیت کمار نے کہا کہ یہ صارفین کیلئے زیادہ قیمتوں کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ کاروبار بڑھے ہوئے اخراجات کو برداشت کرتے ہیں۔اس طرح کے اضافے کے نتیجے میں آنے والے مہینوں میں صوبہ کشمیر میں سامان کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ملک کے مختلف مقامات پر پہنچنے والے کشمیری سیب کی قیمت میں بھی نئے ٹول ریٹ متعارف ہونے سے نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔اسی طرح ہائی وے پر پبلک ٹرانسپورٹ اور پرائیویٹ سفر کی لاگت بڑھنے کا امکان ہے۔نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہائی وے پر انفراسٹرکچر کی ترقی کی لاگت کو برداشت کرنے اور دیکھ بھال کیلئے مناسب وسائل کو یقینی بنانے کے لیے آمدنی میں اضافہ ضروری ہے۔