محمد تسکین
بانہال // بانہال اور کھڑی کے درمیان ریل سروس کو شروع کرنے کیلئے لوگوں کا انتظار جلد ہی ختم ہونے جا رہا ہے اور بانہال اور کھڑی ریلوے سٹیشن کے درمیان ریل سروس کو شروع کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔شمالی ریلوے کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کشمیر عظمی کو بتایا کہ کمشنر ریلوے سیفٹی کی صدارت میں ایک اعلی اعلیٰ سطحی ٹیم 03 جنوری کو بانہال سے کھڑی تک ریل سروس کا افتتاح کرنے سے پہلے ریلوے ٹریک اور ریلوے سٹیشن کا قانونی معائنہ کرنے آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کی وزارت شہری ہوا بازی کمیشن آف ریلوے سیفٹی نئی دہلی کی طرف سے 27 دسمبر کو جاری ایک کمنی کیشن میں کہا گیا ہے کہ کمشنر ریلوے سیفٹی نارتھ سرکل نئی دہلی دھنیش چند دیشوال قریب 15 کلومیٹر طویل بانہال۔ کھڑی ریلوے لائین کا افتتاح کیلئے قانونی معائنہ کیلئے 02 جنوری کو سرینگر پہنچ رہے ہیں اور 03 جنوری کو وہ ریل سروس کے افتتاح سے پہلے قانونی معائنہ کیلئے ضلع رامبن کے کھڑی ریلوے سٹیشن پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی ریلوے کے ادھم پور۔ سرینگر۔ بارہمولہ ریل پروجیکٹ میں بانہال اور کھڑی کے درمیان قریب پندرہ کلومیٹر کی ریلوے لائنیں اور ریلوے سٹیشن ریل آپریشن کیلئے تقریباً تیار ہے اور 03 جنوری کو آخری قانونی معائنہ کے بعد اس سیکشن میں ریل سروس کو افتتاح کرنے کے امکانات روشن ہو جائینگے ۔حکومت ہند کی وزارت شہری ہوا بازی کمیشن آف ریلوے سیفٹی کے کمنی کیشن کے مطابق اس معائنہ کے موقع پر کمشنر ریلوے سیفٹی دھنیش چند دیشوال کے ہمراہ ادھم پور ۔سرینگر۔ بارہمولہ ریل لائین پروجیکٹ کے چیف ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ، ارکان انٹرنیشنل کے حکام ، تعمیراتی افسران ، ریلوے ٹریفک اور سیکورٹی کے اعلی افسران اور شمالی ریلوے کے فیروزپور ڈویژن کے حکام بھی ہوں گے۔ کمشنر ریلوے سیفٹی 04 جنوری 2024 کو واپس نئی دہلی روانہ ہونگے۔اس دوران ریلوے تعمیراتی ایجنسی کے ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بانہال اور کھڑی کے درمیان ریل سروس کو شروع کرنے میں ایک دو ہفتوں کا مزید وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ابھی کچھ چھوٹے موٹے کام انجام دیئے جا رہے ہیں۔