عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پونچھ میں فوج کی گاڑیوں پر حملے کے بعد سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کی دوپہر جموں پہنچے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا جموں میں والہانہ استقبال کیا، ان کے ہمراہ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے تھے۔ راج ناتھ ایک اہم میٹنگ کریں گے اور خطے کی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیں گے۔
گزشتہ ہفتے جمعرات کو راجوری سیکٹر میں تھانندی کے قریب بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار فوجی اہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دورے سے قبل جموں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
ذرائع نے پیر کو بتایا کہ اپنے فوجیوں پر حملوں میں حالیہ اضافے کے درمیان، فوج پونچھ-راجوری سیکٹر میں پاکستانی دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے فوجیوں کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
فوج نے بتایا، “کچھ ماہ قبل ایک اضافی بریگیڈ سائز کا فارمیشن اس علاقے میں منتقل کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ بنایا گیا ہے کہ ایک اور بریگیڈ چند دیگر یونٹوں کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مدد کے لیے آئے گی“۔
توقع ہے کہ اس اقدام سے علاقے میں انسداد دہشت گردی کے گرڈ کو تقویت ملے گی اور مقامی آبادی کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
مقامی پولیس نے بھی اپنے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مضبوط کیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہو گا۔