عظمیٰ نیوزسروس
شوپیان//محکمہ پشوپالن اور قومی دیہی روزگارمشن کے اہتمام سے اتوار کو یہاں ایک بیداری پروگرام منعقد ہوا۔اس موقعہ پر پشوپالن محکمہ کے ماہرین نے کسانوں کو دودھ اورجانوروں کیلئے چارے کی جانچ سے متعلق مفید مشورے دیئے۔یہ بیداری پروگرام محکمہ پشوپالن اور وزارت دیہی ترقی کے درمیان دیہی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے ہوئی مفاہمت کے پس منظر میں منعقد کیاگیا۔ ضلع پروگرام منیجرعظمیٰ معراج اور عرفان بشیرنے اس پروگرام کی اہمیت کوبیان کیااور کہا کہ اس سے خواتین سیلف ہیلپ گروپ اراکین کو متبادل مواقع میسر ہوں گے ، جس سے کاروباریوں کواپنی اقتصادی حالت سنوارنے میں مددملے گی۔ اس کے علاوہ تعارفی سیشن میں تسلیم شدہ ہیلتھ اینڈلائیوسٹاک پروڈکشن پروگرام ایجنٹوں کے ساتھ دیہی ترقی کوفروغ دینے کیلئے تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔ڈاکٹر وسیم اور ڈاکٹرمنظور نے دودھ کی جانچ کی اہمیت کااجاگر کیااورشرکاء کودودھ کی جانچ کے طریقوں کے بارئے میں آگہی دی۔انہوں نے شرکاء سے تاکید کی کہ وہ جانوروں کیلئے بہترین چارے کاانتخاب کریں جس سے کہ دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔