محمد تسکین
بانہال // کم از کم چھ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ کو رامسو کے ہنگنی علاقے میں ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کیا گیا۔ اور دونوں طرف سے سینکڑوں کی تعداد میں درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اتوار کی صبح پر ضلع رام بن کے ہنگنی علاقے میں سڑک کا ایک بڑا حصہ ڈھہ گیا اور یہاں ٹریفک کی نقل و حرکت صبح ساڑھے گیارہ بجے سے ساڑھے تین بجے تک بند رہا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہنگنی کے علاقے میں سیگل انڈیا لمٹیڈ نامی کمپنی ویا ڈکٹ پر کام کر رہی ہے اور کمپنی کی طرف سے بے ڈھنگ طریقے سے کی گئی کھدائی کی وجہ سے سڑک کا ایک بڑا حصہ بڑی بڑی دراڑیں پڑنے کے بعد نکل گیا۔ پانچ گھنٹوں کی مسلسل محنت کے بعد شاہراہ کو دوبارہ قابل آمدورفت بنایا گیا۔ شاہراہ کے بند ہونے کیوجہ سے سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیاں ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان درماندہ رہیں۔صبح نو بجے سے ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کو شام پانچ بجے سے ناچلانہ سے آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی ۔ادھر زوجیلا پر تازہ برف باری کے نتیجے میں سرینگرلیہہ شاہراہ پر ہفتے سے ٹریفک بند ہے۔تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک جاری ہے۔