عظمیٰ ویب ڈیسک
سرنکوٹ// پونچھ ضلع کے بفلیاز علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 3 دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بفلیاز علاقے میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا، یہ کارروائیاں 48 راشٹریہ رائفلز کے علاقے میں ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کی سہ پہر جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار واپس بارکوں کی طرف جارہے تھے کہ اسی اثنا میں تاک میں بیٹھے ملی ٹینٹوں نے ڈی کے جی بفلیاز روڈ پر فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی شروع کی جس دوران پورا علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں کئی فوجی اہلکار زخمی ہوئے ، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں میں سے 4 اہلکار دم توڑ گئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج کی اضافی کمک کو جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔