اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں نشہ آور چیزوں کی سپلائی و نوجوانوں کو منشیات کی سمگلنگ میں ملوث کرنے کے الزام میں پولیس نے جموں سے ایک مشہور زمانہ اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔ ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم کی زیر نگرانی آپریشن ‘پرہار’ کے تحت جموں ضلع کے راگھورا سے سید علی ولد قاسم دین کو تھانہ پولیس ڈوڈہ میں این ڈی پی ای ایکٹ کے تحت ایک سال قبل درج مقدمہ میں گرفتار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس کے دسمبر کی 27 تاریخ کو بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر کھیلینی کے نزدیک پولیس نے تین منشیات فروشوں کو ہیروئین کے ساتھ گرفتار کیا تھا اور اس سلسلے میں پولیس تھانہ ڈوڈہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر زیر نمبری 263/2022 درج کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس اس معاملے میں نے مزید تحقیقات شروع کی اور تمام شواہد کے بعد سید علی ولد قاسم دین ساکنہ راگھورا جموں کو ڈوڈہ ضلع میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا۔ اس دوران پولیس کی ایک ٹیم نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ڈوڈہ پولیس نے آپریشن ‘پرہار’ کے تحت منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر مہم شروع کی ہے اور ابھی تک درجنوں افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ میں بند کیا ہے۔