عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے بدھ کے روز کہا کہ سرینگر میں شروع کئے گئے فلائی اوورز پر کام کی رفتار تیز ہو گئی ہے اور امید ہے کہ بمنہ اور صنعت نگر فلائی اوور 2024کے وسط تک عوام کیلئے وقف کر دیے جائیں گے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر نے بتایا”اگر آپ سرینگر فلائی اوور پر کام دیکھیں گے تو شروع کیے گئے کام کی رفتار تیز ہو گئی ہے، حکام کام کے عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ 2024 کے وسط تک بمنہ اور صنعت نگر فلائی اوور عوام کے لیے وقف کر دیے جائیں گے” ۔بوٹینگو فلائی اوور پر، ڈویژنل کمشنر کشمیر نے کہا کہ مذکورہ فلائی اوور پر کام بھرپور طریقے سے کیا گیا ہے اور امید ہے کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) اس سال کے آخر تک اس پر دو طرفہ ٹریفک کی اجازت دے گی۔انہوں نے کہا کہ15 نومبر کی ڈیڈ لائن تھی لیکن کچھ رکاوٹوں کی وجہ سے وہ پوری نہیں ہو سکی، اب مسائل کو حل کر لیا گیا ہے اور NHAI کو 31 دسمبر سے مذکورہ فلائی اوور پر دو طرفہ ٹریفک کی اجازت دینے کا امکان ہے۔