عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یاتریوں کی سہولت کے لیے ماتا ویشنو دیوی بھون سے بھیرون جی تک مسافروں کے روپ وے کے لئے آن لائن بکنگ کی سہولت کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا کو آسان اور پریشانی سے پاک بنانے کے لیے شرائن بورڈ کے بہتر سہولیات اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔مسافر روپ وے کے ٹکٹ آن لائن پورٹل www.maavaishnodevi.org کے ذریعے دستیاب ہیں جو پہلے آئیے پہلے پائیں کی بنیاد پر کاؤنٹرز پر صرف آف لائن دستیاب تھے۔ابتدائی طور پریاتریوںکے لیے آن لائن کی حد 2000 ٹکٹ فی دن ہے اور آنے والے مہینوں میں بتدریج اس میں اضافہ کیا جائے گا۔ شرائن بورڈ کے اس اقدام سے نہ صرف زائرین کو سہولت ہوگی بلکہ شرائن بورڈ کے سالانہ اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔بھون بھیرون مسافر روپ وے فی گھنٹہ 800 افراد کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جو ایک دن میں 8سے10 گھنٹے تک کام کرتا ہے۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے معروف پیرا آرچر راکیش کمار کو تقررنامہ سونپا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پیرا آرچر کو شرائن بورڈ اسپورٹس کمپلیکس میں اسسٹنٹ کوچ کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ شی راکیش کمار کی بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی بہت سے خواہشمند کھلاڑیوں کے لیے تحریک کا باعث ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے پنچنگ کیلنڈر 2024 اور شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی ڈائری بھی جاری کی۔ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس انشول گرگ نے لیفٹیننٹ گورنر کو بورڈ کے حالیہ فیصلے بشمول نئے ویشنوی بھون کی تعمیر، ککریال میں میڈیکل کالج کا قیام، تاراکوٹ سے سانجھی چھٹ تک مسافر روپ وے کے بارے میں بریفنگ دی ۔