عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل// بھید کی ٹہنیوں سے ٹوکریاں اور دیگر سامان تیار کرنے والے تربیت یافتہ افراد (شاخسازوں)کے لیے سیکھنے کی تکنیک کو بڑھانے کی طرف ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرگاندربل، شیامبیر نے کل یہاں کژھن میں ولو ویکر( Willow Wicker Skill اپ گریڈیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم گاندربل زاہد رشید کے علاوہ مقامی دستکاروں اور تربیت یافتہ افراد نے شرکت کی۔ مقامی کاری گر غلام محمد ماگرے ایک کارخانہ چلارہے ہیں اور وہ2016 میں ولو وکر کرافٹ میں ریاستی ایوارڈ یافتہ ہیں۔اس موقع پر ڈی سی نے عصری مارکیٹ میں روایتی ولو وکر کرافٹ کی مسلسل ترقی اور مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے سکل اپ گریڈیشن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شاخسازوںکے ساتھ مارکیٹنگ کے رابطے کو بڑھا رہی ہے تاکہ ان کی مصنوعات کو دیگر ممالک کو ایکسپورٹ کیا جا سکے۔کار خانہ دار سکیم ایک حکومتی اقدام ہے جو روایتی دستکاریوں اور کاریگر برادریوں کی جامع ترقی، مہارتوں کو اپ گریڈ کرنے، معاشی بااختیار بنانے اور ثقافتی تحفظ کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ سکیم کے تحت ماہر کاریگر کو 2000 روپے ماہانہ فراہم کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ لاجسٹک اور سپورٹ کے لیے 25000 روپے۔ تربیت پانے والوں کو 2000 روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔