یواین آئی
گلگت بلتستان// صوبہ گلگت بلتستان کے شہر چلاس میں دہشت گردوں کی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن ریٹائرڈ عارف احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ ہفتہ کی شام ساڑھے چھ بجے پیش آیا جب نامعلوم مسلح ملزمان نے نجی کمپنی کے-ٹو موورز کی بس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ واقعے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بس گزر میں گاہکچ سے روانہ ہوئی جس کو بزدلانہ حملے میں نشانہ بنایا گیا اور فائرنگ کی وجہ سے بس سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں سے پانچ کی لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ تین کی شناخت ہونا باقی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بس میں سوار مسافروں کا تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں سے ہے، یہ مسافر کوہستان، پشاور، گذر، چلاس، روندو، اسکردو، مانسہرہ، صوابی سے تعلق رکھتے تھے جبکہ ایک سے دو مسافروں کا تعلق صوبہ سندھ سے بھی تھا۔
ڈی سی عارف احمد نے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں پاک فوج کے دو جوان بھی شہید ہوئے جبکہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کا اہلکار بھی زخمی ہوا۔
دیامر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سردار شہریار نے بتایا کہ جائے حادثہ پر سب سے پہلے پولیس افسران پہنچے تھے جنہوں نے جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔