عظمیٰ نیوزسروس
جموں// شیو سینا نے ریاستی اور ضلعی سطح پر کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ
(CUET)-2024 کے امتحانی مراکز کو مقرر کرنے اور مقامی طلباء کو داخلہ کا پہلا حق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے ریاستی سربراہ منیش ساہنی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر سمیت ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلے کا پہلا حق مقامی طلبا کا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انہیں CUET کے امتحان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن ریاست سے باہر امتحانی مراکز کے تعین میں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی من مانی کو مکمل طور پر روکنا ہوگا۔اس کے ساتھ ساتھ ہر ریاست کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلے پر پہلا حق مقامی طلبہ کا ہونا چاہیے۔ساہنی نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی کساد بازاری کی وجہ سے والدین کو اپنے بچوں کو تعلیم دلانا مشکل ہو رہا ہے اور دور دراز اور دیگر ریاستوں میں امتحانی مراکز قائم کرکے ان پر اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امتحان میں ریاست کے مقامی طلباء کو داخلہ میں ترجیح ملنی چاہئے اور ریاستی اور ضلعی سطح پر امتحانی مراکز کا تعین کیا جانا چاہئے۔ساہنی نے انتباہی لہجے میں کہا کہ طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ، اگر مذکورہ مطالبات پر عمل نہیں کیا گیا تو شیو سینا ایک عوامی تحریک چلانے اور سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گی۔