عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعہ کو کہا کہ راجوری انکاؤنٹر میں مارے گئے دہشت گرد افغانستان اور دوسرے ممالک میں تربیت یافتہ ہیں اور ان کی ہلاکت دہشت گردی اور اس کے ماحولیاتی نظام کو ایک بڑا دھچکا ہے۔
جموں میں دو کیپٹن سمیت مارے گئے فوجیوں کوبخراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے کہا کہ دونوں مارے گئے دہشت گرد اعلیٰ تربیت یافتہ تھے۔ انہوں نے کہا، “ایسا لگتا ہے کہ انہیں پاکستان، افغانستان اور دیگر ممالک میں تربیت دی گئی تھی”۔
انہوں نے کہا کہ دو کیپٹن سمیت پانچ فوجی جوانوں کی عظیم قربانیوں سے فوجیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور سبھی جموں و کشمیر کی سرزمین سے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
پیر پنجال رینج میں سرگرم دہشت گردوں کی تعداد کے بارے میں پوچھے جانے پر، فوجی افسر نے کہا کہ راجوری میں دو اعلیٰ تربیت یافتہ دہشت گردوں کے مارے جانے سے خطے میں دہشت گردی اور اس کے ماحولیاتی نظام کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ “علاقے میں سرگرم دہشت گردوں کی تعداد مختلف ہو سکتی ہے کیونکہ پونچھ اور راجوری ہائی وے سے جڑے ہوئے ہیں۔ کم از کم 20 سے 25 دہشت گرد اب بھی علاقے میں کام کر رہے ہیں اور پولیس اور انسانی انٹیلی جنس کے فعال تعاون کی مدد سے ہم ایک سال کے اندر خطے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
جمعرات کو، فوج نے راجوری انکاؤنٹر میں دو ملی ٹینٹوں بکو مار گرایا اور ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت پاکستان کے لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر قاری کے طور پر کی۔
فوج نے کہا کہ قاری آئی ای ڈی کا ماہر اور غاروں اور جنگلوں میں چھپنے کا تربیت یافتہ سنائپر تھا۔