عظمیٰ ویب ڈیسک
کالاکوٹ// راجوری ضلع کے دھرمسال کے بجیمال علاقے میں ملی ٹینٹوں، فوج و جموں وکشمیر پولیس کے مشترکہ دستوں کے درمیان جاری تصادم جمعرات کو دوسرے دن میں داخل ہوا۔
دو فوجی افسران سمیت چار فوجی اہلکاروں نے بدھ کو شروع ہوئے تصادم میں اپنی جانیں گنوائی۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاعات موصول ہونے کے بعد سپیشل فورسز سمیت فوجیوں کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا، “16 کور کمانڈر اور راشٹریہ رائفلز کے رومیو فورس کے کمانڈر آپریشن کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں”۔
مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر کالاکوٹ علاقہ، گلاب گڑھ فاریسٹ اور راجوری ضلع میں مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔
کالاکوٹ علاقے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشن پر فوج کی وائٹ نائٹ کور نے کہا، “دہشت گردوں کو زخمی کیا گیا ہے اور گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور کارروائیاں جاری ہیں”۔
وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “22 نومبر کو ملی ٹینٹوں کے ساتھ رابطہ قائم ہوا اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دہشت گردوں کو زخمی اور گھیرے میں لے لیا گیا اور آپریشن جاری ہے”۔