عظمیٰ نیوز سروس
جموں// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے منگل کو کہا کہ اس نے پاک حمایت یافتہ دہشت گردی کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے جس میں کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کو ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں کی ترسیل شامل ہے۔ایک بیان میں، این آئی اے نے کہا کہ این آئی اے جموں برانچ کی ایک ٹیم نے پیر کو ضلع کٹھوعہ، جموں و کشمیر کے 22 سالہ ذاکر حسین کو گرفتار کیا۔ وہ اس کیس میں گرفتار ہونے والے 8ویں ملزم ہیں، جسے NIA نے 30 جولائی 2022 کو کٹھوعہ پولیس سے کیس سنبھالنے کے بعد درج کیا تھا۔ اس سے قبل گرفتار کیے گئے سات ملزمان میں سے ایک عدالتی حراست میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گیا تھا جبکہ پاکستان میں مقیم دو دہشت گرد مفرور ہیں۔بیان کے مطابق، 7 گرفتار ملزمان اور دو مفرور افراد پر پہلے 12 جنوری 2023 کو این آئی اے نے یو اے(پی ایکٹ، 1967 کی دفعہ 16، 17، 18، 18 بی، 20، 23، 38، 39 اور 40 کے تحت چارج شیٹ داخل کی تھی۔این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق، ملزمان اپنے پاکستانی ہینڈلر کی ہدایت پر کام کر رہے تھے، جس کی شناخت سجاد گل کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزمان ڈرون کے ذریعے گرائے گئے ہتھیاروں کو جمع کرنے، حاصل کرنے اور وادی کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں تک پہنچانے میں ملوث تھے۔ یہ ہتھیار جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس نے ابتدائی طور پر ایک ڈرون (ہیکسا کاپٹر) کو روکنے اور ضلع کٹھوعہ کے راجباغ کے دھلی علاقے کے قریب UBGL/مقناطیسی بموں کے کئی رانڈ ضبط کیا تھا۔