عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکام نے پیر کو کہا کہ موسمی صورتحال کی وجہ سے جموں و کشمیر حکومت پرائمری کلاسوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات پر غور کر رہی ہے۔ پرنسپل سکریٹری تعلیم آلوک کمار نے میڈیا کو بتایا کہ پرائمری اور لوو رکلاسز کیلئے سرمائی چھٹیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس سے متعلق حکم جلد ہی آئے گا۔یاد رہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان ومنتظمین کی تنظیم پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن آف جموں و کشمیرنے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ درجہ حرارت میں تنزلی اوردُھند کے پیش نظر سکولوں میں نچلی کلاسوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کرے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ انہیں متعدد والدین اورسکولوں سے بھی موسم کی خراب صورتحال کے بارے میں استدعا کی جارہی ہے۔ بیان کے مطابق کمسن اسکولی بچوں کیلئے شدید ٹھنڈ میں سکول جانا بہت مشکل ہورہا ہے اور سینکڑوں بچے شدید سردی کی وجہ سے بیمار ہوگئے ہیں۔