پرویز احمد
سرینگر //سرحدی ضلع کپوارہ کے تعلیمی زون ترہگام میں 42فیصد سکول لیبارٹریاں، لائبریریاں اور پانی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ زون کے 128سکولوں میں 56سکول، لیبارٹریوں کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ ان میں 4سکول کرایہ کی بلڈنگ میں کام کررہے ہیں۔ زونل ایجوکیشن آفیسر ترہگام کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق تعلیمی زون ترہگام میں 128سکولوں میں 6500طلاب زیر تعلیم ہیں جن میں 64پرائمری سکولوں میں 4331، 55مڈل سکولوں میں 520، 6ہائی سکولوں میں 1433جبکہ ایک ہائر سیکنڈری سکول میں 198طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ ترہگام زون میں 6500طلبہ و طالبات کیلئے255اساتذہ تعینات ہیں۔ تاہم 320منظور شدہ اسامیوں میں سے 55اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ زون میں تعینات اساتذہ میں پرنسپل کی 3اسامیاں منظور شدہ ہیں جن میںسے ایک خالی ہے۔ ہیڈ ماسٹرس کی 6اسامیوں سے 3 خالی پڑی ہیں۔ ترہگام سکولوں میں ماسٹرس کی 61اسامیاں منظور شدہ ہیں جن میں سے 32جگہیںخالی ہیں۔ زون میں لیکچررز کی 39اسامیاں منظور شدہ ہیں جن میں 19 خالی ہیں۔ 128سکولوں کیلئے لائبیری اسسٹنٹوں کی صرف 4اسامیاں منظور شدہ ہیں اور ان میں سے بھی ایک خالی ہے۔ چپراسیوں کی بھی بھی 3اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ زونل ایجوکیشن آفیسر کی طرف سے فراہم کی گئی جانکاری کے مطابق 55سکولوں میں لیبارٹری اور لائبری کی سہولیات دستیاب نہیں جبکہ ایک سکول پینے کے پانی سے بھی محروم ہے۔ 128سکولوں میں 4سرکاری سکول کرایہ کی عمارتوں میں کام کررہے ہیں جن میںبائز مڈل سکول الچی زب (ماہانہ کرایا 3100روپے) جبکہ پرائمری سکول لسارد، پرائمری سکول بنڈوال اور پرائمری سکول اٹارڈ کی بلڈنگ کیلئے ماہانہ 200روپے ادا کرنے پڑتے ہیں۔