جاوید اقبال
مینڈھر// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن میں ملی ٹینٹ معاون کی جائیداد قرق کی۔ این آئی اے نے بالاکوٹ سرحدی سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے بالائی ورکر اور بد نام زمانہ منشیات سمگلر محمد یاسین ولد سخی ولایت ساکن ڈابی کی 59 کنال 12 مرلہ غیر منقولہ اراضی ضبط کر لی ۔پولیس نے بتایا کہ ملزم منشیات سمگلنگ سمیت کئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یاسین ملی ٹینٹوں کا بالائی ورکر ہے اور انہیں مدد فراہم کر رہا تھا۔ یہ کارروائی یو اے پی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت عمل میں لائی گئی ۔ملزم دہشت گرد اس وقت اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے ایک مقدمے کا سامنا کر رہا ہے جس کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی نے کی ہے۔ملزم کی جائیداد پونچھ ضلع میں مینڈھر سب ڈویژن کی بالاکوٹ تحصیل میں لائن آف کنٹرول کے قریب گائوں میں واقع ہے اور این آئی اے کی ٹیم نے مقامی حکام بشمول پولیس کی مدد سے کارروائی انجام دی۔ایک سرکاری بیان میں این آئی اے نے اس قدم کو کشمیر میں تشدد اور عسکریت پسندی کو فروغ دینے والے دہشت گرد گروپوں کے خلاف کریک ڈائون کا حصہ قرار دیا۔اس میں کہا گیا ہے کہ اس نے ایک اہم دہشت گرد کی جائیدادوں کو منسلک کیا ہے جو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UA (P)A) کیس میں زیر سماعت ہے جس میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی ضبطی شامل ہے۔این آئی اے نے کہا کہ ملزم محمد یاسین ضلع پونچھ کا رہنے والا ہے اور کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک المجاہدین (ٹی یو ایم) کا کارندہ ہے۔این آئی اے نے کہا کہ جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی خصوصی عدالت جموں کے حکم پر کی گئی ۔یہ جائیدادیں ضلع پونچھ میں مینڈھر سب ڈویژن کی تحصیل بالاکوٹ میں ملزمان کے آبائی گائوں دھراٹی ڈابی میں واقع ہیں۔واضح رہے کہ ملزم محمد یاسین کو 27 دسمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔درج شدہ کیس کو 24 جون 2021 کو چارج شیٹ کیا گیا تھا اور وہ فی الحال آئی پی سی کی دفعہ 121 اے اور 122 کے تحت مقدمے کا سامنا کر رہا ہے۔