عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ ، محبوبہ مفتی، غلام نبی آزاد،الطاف بخاری ،بھاجپا سمیت سبھی سیاسی جماعتوں نے جانوں کے ضیاع پرگہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹرفاروق اور نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ حادثے کے بارے میں سن کر انتہائی صدمے اور غمزدہ ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے زخمیوں کی ہر ممکن مدد کی اپیل کی ہے۔ انتہائی غم کے اس لمحے میں، ان کے خیالات اور دعائیں مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، “۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوںنے سوشل میڈیا ایکس پر کہا “ڈوڈہ میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے پر گہرا صدمہ اور غم ہے۔
مرنے والوں کے لواحقین سے گہری تعزیت اور امید ہے کہ انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں تیزی لائے گی‘‘۔سی پی آئی ایم لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے المناک سڑک حادثے پر صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ ضلع موت کا جال بن چکا ہے اور ایسے حادثات معمول بن چکے ہیں۔محض اظہار افسوس اور تعزیت کافی نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس علاقے کا ماہرین سے مطالعہ کیا جائے تاکہ موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید جانیں دا پر نہ لگیں۔ڈی پی اے پی صدر غلام نبی آزاد،اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری اورپیپلز کانفرنس صدر سجاد غنی لون نے قیمتی جانوں کے ضیاع پرسخت رنج وغم کااظہارکیا ہے ۔انہوںنے زخمیوںکی جلد صحت یابی کیلئے دُعاکرتے ہوئے حکومت سے متاثرہ خاندانوں کو معقول امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ۔الطاف بخاری نے متاثرہ خاندانوںکو معقول معاوضے فراہم کرنے کیساتھ ساتھ اس شاہراہ پرآئے دنوں سڑک حادثات رونما ہونے کی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا جبکہ انہوںنے ڈوڈہ اورکشتواڑ اضلاع میں المناک حادثات کیلئے سابق حکمرانوں کو ذمہ دار ٹھہرایاہے۔