عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو ڈوڈہ بس حادثے پر صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ۔وزیر اعظم نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 2لاکھ روپے ایکس گریشیاء ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔صدر جمہوریہ مرمو نے’ایکس‘ پر ایک پیغام میں کہا”میں جموں اور کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ایک بس حادثے میں کئی مسافروں کی بدقسمتی سے موت کی خبر سے بہت افسردہ ہوں، میں سوگوار کنبہ کے ممبروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں”۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا کہ بس حادثہ افسوسناک تھا۔ “میری تعزیت ان خاندانوں سے ہے جنہوں نے اپنے قریبی اور عزیزوں کو کھو دیا ہے،میں دعا کرتا ہوں کہ زخمی جلد صحت یاب ہو جائیں‘‘۔انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی ایکس گریشیا رقم دی جائے گی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے المناک بس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔’X’ کو لے کر، شاہ نے کہا” المناک بس حادثے کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، مقامی انتظامیہ اس گھاٹی میں ریسکیو آپریشن کر رہی ہے جہاں بس کو حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ میری دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عسر، ڈوڈہ میں ایک المناک بس حادثے میں جانوں کے ضیاع سے انتہائی دکھ ہوا ، سوگوار خاندانوں کے تئیں دلی تعزیت اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے‘‘۔سنہا نے X پر پوسٹ کیا کہ صوبائی کمشنر اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ افراد کو تمام ضروری مدد فراہم کریں۔ منوج سنہا نے 5-5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ء کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے کی رقم بھی منظور کی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے X (سابقہ ٹویٹر) پرایک پوسٹ میں کہا کہ سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت ہے۔انہوںنے کہاکہ زخمیوں کو جی ایم سی ڈوڈہ اور جی ایم سی جموں منتقل کیا جا رہا ہے،اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔