اشتیاق ملک
ڈوڈہ//جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں بدھ کے روز ایک المناک حادثے میں مسافروں سے کھچا کھچ بھری بس بٹوٹ کشتواڑ قومی شاہراہ پر ترنگل-عسر کے قریب سڑک سے پھسل کر 300فٹ گہری کھائی میں گری، جس سے کم از کم 38 افراد لقمہ اجل اور 18دیگرزخمی ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK02CN-6555 میں مبینہ طور پر 56 مسافر سوار تھے۔مہلوکین میں سے 8افراد غیر مقامی ہیں۔مہلوکین میں سے 9خواتین بھی شامل ہیں۔بد قسمت حادثے میں مرنے والوں میں سے 3بہار کے،2اتر پردیش اور3چھتیس گڑھ کے رہائشی ہیں۔حکام نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد، سیکورٹی فورسز، پولیس اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے بچائو آپریشن شرو ع کیاگیا اور لاشیں و زخمیوں کو کھائی سے اوپر لانے کی کارروائی کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ”صبح تقریبا ً11:50 بجے پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ یہ بدقسمت بس کشتواڑ سے براستہ ڈوڈہ جموں جا رہی تھی، جب دوپہر بارہ بجے کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میںگری جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 28 افراد جاں بحق اور 28 دیگرزخمی ہوئے ۔ چار کو شدید زخمی حالت میں بذریعہ ائر ایمبولینس گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں پر2کی موت ہوئی ہ۔ اس دوران مقامی لوگوں ،رضاکار تنظیموں، پولیس، سیکورٹی فورسز و سیول انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی اور لاشوں و زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ و پی ایچ سی عسر منتقل کیا گی۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ و ایس ایس پی ڈوڈہ سمیت سیول، پولیس و سیکورٹی فورسز کے دیگر اعلیٰ افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں جٹ گئے۔ عسر پرائمری ہیلتھ سینٹر میں 8 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ جی ایم سی ڈوڈہ میں ایک اور شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔رات دیر گئے تک اس المناک حادثہ میں 39افراد جاں بحق و 17 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
ضلع انتظامیہ
ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ و ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 37 کے قریب لوگ اس حادثہ میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثہ میں 38 لوگوں کی موت ہوئی اور 18 افراد زخمی۔ بتایا جاتا ہے کہ بس میں 56 افراد سوار تھے۔ واضح رہے کہ اسی مقام پر ایک سال قبل المناک حادثہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کا سپرنٹنڈنٹ انجینئر، ایگزیکٹو انجینئر سمیت 4 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ نے بتایا کہ “یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے، یہ کہا گیا ہے کہ بس دائیں طرف نہیں چلائی جا رہی تھی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا” ۔سنگھ نے کہا”ہم نے گاڑی کی تمام تفصیلات چیک کیں،شاید اسے صحیح طریقے سے نہیں چلایا جا رہا تھا، گاڑی شاہراہ کی دیوار سے ٹکرا کرنیچے گر گئی‘‘ ۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کی انکوائری کی جائے گی۔انکا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کے علاوہ پولیس اور ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) کے اہلکار ریسکیو آپریشن میں شامل رہے۔ حکام نے بتایا کہ بس میں اضافی مسافر سوار تھے اور “یو” ٹرن پر الٹ گئی اور کھائی میں جاگری۔انہوں نے مزید کہا کہ بس کے کچھ حصوں کو کاٹنے کے بعد لاشیں نکالی گئیں۔حکام نے بتایا کہ کچھ لاشیں بری طرح مسخ شدہ تھیں۔مقامی لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے نہ صرف یہ حادثہ پیش آیا بلکہ ماضی میں بھی ایسے کئی واقعات پیش آئے۔
مہلوکین کی شناخت
حادثہ میں36لاشوں کی شناخت ہوئی، جبکہ 2کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ مہلوکین میںراوتی دیوی دختر راجیش کمار عسر،ویشو ٹھاکر ولد راجیش کمار عسر، چونی لال ولد بیلی رام ساکن ٹھنڈا پانی، دیوندر سنگھ ولد فیروز سنگھ ساکن پریم نگر،آشو پریہار ساکن کشتواڑ ،رینوکا پریہار ساکن کشتواڑ ،راگھو ناتھ ساکن درابشالہ، ساکشم پریہار ساکن کشتواڑ ،شکیل احمد (ڈرائیور) ساکن ڈوڈہ ، ہیمانشو رینا ساکن بھدرواہ ،ریتا دیوی ساکن کشتواڑ، سبھاش چندر کشتواڑ ،جاوید احمد ساکن اودھمپور، راجیش کمار ساکن چھاترو ،نظام الدین ساکن بہار، سورنہ دیوی ساکن ڈوڈہ ،بھگوان سنگھ ساکن ملہوتہ، رتنہ دیوی سروڑ کشتواڑ ،آزاد حسین ساکن بہار،محمد یوسف ولد احد ساکن دھار بلاور کٹھوعہ، دہرمندر سنگال ولد گوکل چند ساکن دہرمومڈ بٹوت، انوردھا زوجہ ویشو موہن ساکن گوہا مرمت، جسویر ولد رمیش کمار ساکن چانٹی بھلیسہ، سیمرن دیوی زوجہ راکیش کمار ساکن ناگسنی کشتواڑ، سریش کمار کرش ولد اوچیت رام ساکن چھیتس گڑھ، ندیم ولد محمد یامین ساکن میرٹھ یو پی، دلشاد ولد نور دین ساکن بدھانا مظفرنگر یو پی، محمد ولد رمجانی میاں ساکن ضلع سپول بہار، روشن لال ولد دینا ساکن ٹھنڈاپانی عسر، منیش کمار ولد جے رام ساکن درابشالہ، ارون کمار ولد راجیش کمار ساکن ٹٹانی سروڑ، ایتواری دیوی زوجہ سریش کمار ساکن چھیتس گڑھ، اججیہ بائی زوجہ دھانی رام ساکن چھتیس گڑھ،رنگیل سنگھ ولد پورن لال ساکن پاڈر کشتواڑ، سنیل منہاس ولد ہنس راج ساکن ٹھاٹھری، بشن لال ولد منگل سنگھ ساکن پاڈر کشتواڑ شامل ہیں۔2 کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
زخمی
روشنی دیوی (70)زوجہ موہن لال ساکن کشتواڑ، چندر کمار (28)ولد سائیں داس سرتھل، ششی کمار (20)ولد چمبیل سنگھ چرالہ،آئن (9)ولد دیوی راج تالاب تلو جموں، اروشی(6)ولد وش موہن اودھمپور، کیان شان (4)ولد سشیل شان سروڑ، سوربھ کمار (20) ہستی کشتواڑ، رکشم (11)ولد اجے سنگھ کشتواڑ ،راکیش کمار (47)اودھمپور ،رنجیت کمار (19)یوپی، سوجل کمار (18)عسر ،چندر کمار (19)چھتیس گڑھ و دلیپ مہتو (33)بہار، اس کے علاوہ 2 کمسن بچوں سمیت 4 افراد کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔