عظمیٰ نیوزسروس
اننت ناگ//ناظم دستکاری وہینڈلوم کشمیر محموداحمد نے منگل کو پہلگام میں دستکاریوں کی خصوصی بکری نمائش کاافتتاح کیا۔14نومبر سے24نومبرتک جاری اس دس روزہ نمائش کاانعقادگورنمنٹ سینٹرل مارکیٹ کشمیرہاٹ نے نظامت دستکاری وہینڈلوم کے اشتراک سے کیا ہے۔اس موقعہ پر محموداحمد شاہ نے کہا کہ دستکاروں کو اپنے خوبصورت مصنوعات کو بیچنے کیلئے یہ نمائش ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گی اورپہلگام آنے والے سیاحوں کویہاں دستکاریوں کی خریداری کرنے اور کشمیری کے عظیم ورثہ کو دیکھنے کاموقعہ ملے گا۔ انہوں نے کئی سٹالوں کا بھی معائنہ کیاجہاں مقامی دستکاروں نے اپنی مصنوعات کونمائش کیلئے رکھا ہے۔نمائش میں متعدددستکاروں نے اپنے سٹال لگائے ہیں اورپشمینہ،رفل،کنی شال،جاماواروغیرہ دستیاب رکھا ہے۔مقامی اورغیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے نمائش کارُخ کیااورمختلف دستکاریوں کو دیکھ کر خوشی کااظہار کیا۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے سیاحوں نے کہاکہ وہ دستکاریوں کو دیکھ کر خوش ہوئے ۔انہوں نے دستکاریوں کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی اورہنرمندوں کے ہاتھوں کوسراہا۔انہوں نے نمائش کاانعقادکرنے والوں کو مبارکباددی۔ناظم دستکاری نے کہا کہ حکومت نے مقامی دستکاریوں کو فروغ دینے کیلئے ایسے ہی پلیٹ فارم مہیارکھے ہیں جہاں دستکار اپنی مصنوعات کو پیش کرتے ہیں۔