ٹی ای این
سرینگر// حکام نے بتایا ہے کہ ہندوستان 20 اہم معدنی بلاکس بشمول لیتھیم اور گریفائٹ کے لیے اگلے دو ہفتوں میں بولی طلب کرے گا۔ ذرائع نے سکریٹری کان کنی وی ایل کانتھا راؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی نیلامی کے عمل میں معدنیات جیسے لیتھیم اور گریفائٹ شامل ہوں گے۔ہندوستان نے نجی کان کنوں کو مواد کی تلاش کی اجازت دے کر لیتھیم جیسے اہم معدنیات کی تلاش کو فروغ دینے کے لیے جولائی میں اپنے کان کنی کے قوانین کو تبدیل کیاتھا۔ یہ اصلاحات جموں و کشمیر اور کرناٹک ریاست میں حال ہی میں شناخت کیے گئے لیتھیم بلاکس کی نیلامی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔گزشتہ ماہ، ہندوستان کی کابینہ نے تین اہم اور اسٹریٹجک معدنیات کے لیے رائلٹی کی شرح کو منظوری دی تھی۔ لیتھیم، نیوبیم اور REE کے لیے منظور شدہ رائلٹی کی شرحیں بالترتیب 3 فیصد،3فیصد اور ایک فیصد ہیں۔ سرکاری ادارے ان قیمتی معدنی وسائل کی تلاش میں پوری دنیا میں سرگرم عمل ہیں۔ہندوستان لیتھیم کی سپلائی کو محفوظ بنانے کے طریقے تلاش کر رہا ہے، یہ ایک اہم خام مال ہے جو الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریاں بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔ فروری میں، ہندوستان کو جموں و کشمیر میں 5.9 ملین ٹن کے تخمینہ کے ساتھ لتیم کے پہلے ذخائر ملے۔