عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گریٹر کشمیر کمیونی کیشنز کے بینر تلے شائع ہونے والے انگریزی روزنامہ ’گریٹر کشمیر ‘اور اردو روزنامہ’ کشمیر عظمیٰ ‘کے شعبہ اشتہارات کے اہم رکن نثار احمد حافظ کے برادر اور شعبہ اکاونٹس کے سینئر رکن رفیق احمدوانی کے برادر نسبتی عبدالحمید حافظ ساکن رتھ پورہ عیدگاہ سرینگر مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔موصوف کچھ عرصہ سے صاحب فراش تھے اور گزشتہ شب انہیں سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی جس کے بعد اُنہیں صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیاگیا جہاں شب کے تین بجے اُنہوںنے آخری سانس لی ۔مرحوم کو اپنے آبائی قبرستان واقع رتھ پورہ عید گاہ میں پُر نم آنکھوںکے ساتھ لوگوں کے جم غفیر کی موجودگی میں سپردلحد کیاگیا ۔مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ ،ایک جواں سال بیٹا اور کمسن لڑکی چھوڑ گئے ہیں۔اس سلسلے میں مرحوم کے گھر پر تین دن تک(یعنی منگل تک) تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری رہے گاجبکہ کوئی چہارم نہیںہوگا۔گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ سے وابستہ سبھی اراکین نے اس صدمہ عظیم پر اپنے دونوں ساتھیوں کے ساتھ تعزیت و تسنیت پیش کی ہے۔اس ضمن میں ادارہ کے بیسیوں اراکین رتھ پورہ گئے جہاں انہوںنے نثار حافظ اور رفیق وانی کیساتھ ساتھ دیگر پسماندگان کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق سے نوازے ۔