عظمیٰ نیوز سروس
جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں جے اینڈ کے ہینڈی کرافٹس ( ایس اینڈ ای ) کارپوریشن ( جے کے ایچ سی ) اور جے اینڈ کے ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( جے کے ایچ ڈی سی ) کے مشترکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز ( بی او ڈی ) کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ کے دوران بی او ڈیز نے وسیع پیمانے پر جائیزہ لیا جس کا مقصد ان کارپوریشنز کی طرف سے خطے میں دستکاری اور ہینڈ لوم کے بھر پور ورثے کو فروغ دینے اور اس کے تحفظ میں کی گئی پیش رفت کا جائیزہ لینا تھا ۔ اس کے علاوہ کارپوریشنز کے مختلف فزیکل اور مالیاتی پہلوؤں کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ بورڈ نے کارپوریشن کے شو رومز کی ترقی اور کارکردگی کا بھی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و تجارت ، ڈائریکٹر دستکاری اور ہینڈ لوم کشمیر ، ڈائریکٹر دستکاری اور ہینڈ لوم جموں ، اسپیشل سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ ایچ سی اور ان دونوں کارپوریشنوں کے دیگر سینئر افسران نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔
بھٹناگر نے دونوں کارپوریشنوں کے افسران پرر زور دیا کہ وہ اپنے اداروں کے دستیاب وسائل کو موثر طریقے سے آمدنی پیدا کرنے کیلئے استعمال کریں ۔ انہوں نے دونوں کارپوریشنوں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہینڈی کرافٹ ، ہینڈ لوم اور جموں و کشمیر کی دیگر روائتی دستکاری اشیاء کیلئے ایک جامع مارکیٹنگ کی حکمت عملی تیار کریں تا کہ ان اشیاء کی مارکیٹنگ انتہائی موثر انداز میں کی جا سکے ۔ انہوں نے افسران سے کارپوریشنوں کی فروخت اور مارکیٹنگ کی حکمت عملیوں کا جائیزہ لینے کو بھی کہا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی ایسی مصنوعات کی تشہیر یا فروخت نہ کریں جو جموں و کشمیر میں تیار نہ ہو ۔ مشیر نے کارپوریشن کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مشہور سیاحتی مقامات جیسے ویشنو دیوی ، گلمرگ اور دیگر مشہور مقامات پر نئے شو رومز کھولنے کیلئے مختلف اسٹیک ہولڈرز اور محکموں کے ساتھ تال میل قائم کریں ۔انہوں نے انہیں دیگر مقامات پر دکانوں کی موجودگی کو معقول بنانے اور دیگر غیر روائتی مارکیٹنگ کے طریقوں کو تلاش کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ٹرن اوور اور بہتر انوینٹری منیجمنٹ کو بڑھانے کیلئے آئی ٹی پروفیشنلز کی خدمات کو شامل کرنے اور استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔