صحافت کے میدان میں قابل قدرخدمات انجام دینے والوں کی عزت افزائی
سرینگر// عالمی یوم ِ اردو کی مناسبت سے جمعرات کو سرینگر میں انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کی جانب سے ایک با وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس تقریب کی صدارت بین الا قوامی ایوارڈ یافتہ سینئر صحافی یوسف جمیل نے کی جبکہ تقریب میں سینئر و تجربہ کار اور عامل صحافیوں ،ادیبوں، قلمکاروں اور دیگر ذی شعور شخصیات نے شرکت کی۔انجمن اردو صحافت کے مجلس عاملہ کے سینئر رکن منوہر لال گامی نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کے قیام اورمشن کے اغراض ومقاصد بیان کئے۔تقریب کے موضوع ’’اردو صحافت کو درپیش چیلنجز ‘‘ پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت سے وابستہ عامل صحافیوں اور آنے والے صحافیوں کو جدید تقاضوں کے عین مطابق اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے کے لئے خود کو تیار کرنا ہوگا۔ان کا کہناتھا کہ دنیا بھر میں صحافت کے تقاضے تیز رفتاری کیساتھ بدل رہے ہیں ،ایسے میں عامل صحافیوں خاص طور پر اردو صحافت سے وابستہ عامل صحافیوں کو صلاحیت سازی کے سانچے میں خود کو ڈھال کر مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حل تلاش کرنا ہوگا۔
تقریب پر سنیئر صحافی یوسف جمیل، ریاض مسرور، پروفیسر ناصر مرزا،ڈاکٹر راشد مقبول اور ماہر تعلیم قرۃ العین نے اردو صحافت کے مختلف گوشوں اور در پیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر سینئر صحافی طاہر محی الدین کو اردو صحافت کے تئیںگراں قدر خدمات کے اعتراف میں’’خلعت اردو صحافت2023‘‘، سینئر صحافی سید وجیہہ اندرابی کو صحافتی خدمات اور اردو صحافت کو پروان چڑھانے ،صحافت کے مدرس ڈاکٹرراشد مقبول کوصحافت کے میدان میں نوجوان صحافیوں کی اہلیت سازی و تعلیم و تربیت میںقابل قدر خد مات جبکہ مرحوم صحافی محمدیوسف قادری اور مرحوم صحافی شمیم احمد شمیم کو بعد از مرگ خلعت اردو صحافت قابل ستائش خدمات انجام دینے کے اعتراف میںدیا گیا۔ ایوانِ صدارت میں جن اہم شخصیت نے مہمانان ِ ذی وقار نے شرکت کی ،ان میںشعبہ صحافت کشمیر یونیورسٹی کے سابق سربراہ پروفیسر ناصر مرزا،سینئر صحافی ریاض مسرور ، شعبہ صحافت کے اسسٹنٹ پروفیسر کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر راشد مقبول اورانجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کے صدر ریاض ملک قابل ذکر ہیں۔ انجمن اردو صحافت کے صدر ریاض ملک نے آ خر میں مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انجمن اسی طرح نوجوان صحافیوں کی جہاں اہلیت سازی میں مشغول رہے گی وہیں اپنے محسنوں اور اسلاف کو بھی یاد کرتی رہے گی۔ یہ تقریب انجمن اردو صحافت جموں کشمیر کے سر پرست اعلیٰ حامد حمید کی نگرانی میں منعقدکی گئی۔