عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//جموں کشمیربینک نے متوفین کھاتہ داروں جن کے کھاتے بینک کی مختلف شاخوں میں تھے،کے پسماندگان کوایک بڑی راحت پہنچاتے ہوئے ان کے بائیس میٹ لائف اورلائف سرکھشا(ایم ایل ایل ایس) انشورنس دعوئوں کونمٹایا۔گزشتہ کئی ماہ کے دوران پلوامہ زون کے گاہکوں کے78لاکھ32ہزارروپے کی مالیت کے دعوے متوفین کے افرادخانہ کو اداکئے گئے۔ بینک کے زونل سربراہ پلوامہ طارق علی نے پسماندگان کے قانونی ورثاء کوکلسٹرہیڈکی موجودگی میں علامتی چیک پیش کئے ۔بینک اور اس کے بیمہ شراکت دارپی این بی میٹ لائف کاشکریہ اداکرتے ہوئے،دعوے داروں نے ان کی دعوئوں کو نمٹانے کوکنبوں کیلئے بڑی راحت قرار دیا۔ اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے،بینک اورانشورنس کمپنی کے حکام نے قرضہ کے بیمہ کی اہمیت کواجاگر کیا۔بینک کے زونل ہیڈ نے کہا کہ ایک واحدپریمیم سے گاہک اپنے کنبوں کو کسی ناگہانی مصیبت سے بچاسکتے ہیں۔انہوں نے قرضہ داروں پرزوردیاکہ وہ اپنے قرضوں کابیمہ کرانے کی مختلف دستیاب سکیموں سے فائدہ اُٹھائیں۔ اس موقعہ پرپی این بی میٹ لائف کے عرفان علی زرگر نے گاہکوں کو جے کے بینک کی خیرخواہی یاددلائی،جواپنے قرضہ داروں کو ہمیشہ اپنے قرضوں کابیمہ کرانے کی صلاح دیتاہے۔