عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) غلام علی کھٹانہ نے بی جے پی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر دیویندر کمار منیال کے ساتھ بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں ایک عوامی نشست کے دوران پی ایم مودی کے مشن کو حاصل کرنے کیلئے ریونیو جیسے سرکاری محکموں کے عوام دوست نقطہ نظر پر زور دیا۔ بی جے پی سکریٹری اروند گپتا اور میڈیا انچارج ڈاکٹر پردیپ مہوترہ نے عوامی نشست کے دوران ان کی مدد کی۔انجینئر کھٹانہ اقلیتی برادری کے ایک گروپ کی شکایات سن رہے تھے، جنہوں نے محکمہ ریونیو کے ہاتھوں ہراساں کیے جانے کی شکایت کی، جو ترقیاتی مقاصد کے لیے ان کی زمینیں چھیننے جا رہا ہے۔ انہوں نے بیان کیا کہ ان کی بیخ کنی سے ان کی آبادکاری اور مناسب باوقار زندگی گزارنے کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔کھٹانہ نے کٹھوعہ شہر کے پھل اور سبزی ریہڑی فروشوں کے مسائل بھی سنے، جنہوں نے رکن اسمبلی کو بتایا کہ انہیں ضلعی حکام کی طرف سے اپنی روزی روٹی کمانے کی اجازت نہیں ہے۔ایم پی نے ضلعی حکام کے ساتھ ان کے مسائل اٹھائے اور سینئر عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنائیں اور ان کے مناسب حل کا خیال رکھیں۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ انہیں مسائل کی پیشرفت سے آگاہ کرتے رہیں اور مہمانوں کو یقین دلایا کہ بی جے پی ہر شہری کی باوقار زندگی کے لئے فکر مند ہے۔