عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ// جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو یو اے پی اے کیس میں مطلوب حزب المجاہدین سے وابستہ افراد کے خلاف چالان پیش کیا ہے۔ ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی ایک اہم پیشرفت میں غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت دائر کیس میں چارج شیٹ پیش کرکے انصاف کے حصول میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ کشتواڑ میں ایک مقدمہ، ایف آئی آر نمبر 117/2023 ہے، جو بعد میں نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو منتقل کیا گیا۔ معاملے میں ملوث ملزمین کی شناخت محمد یوسف چوہان ولد محمد عبداللہ، ساکن چھار، چرجی، تحصیل ناگسینی، ضلع کشتواڑ، محمد امین (جسے جہانگیر بھی کہا جاتا ہے)، ولد محمد انور بٹ، ساکن بھدت سرور کے طور پر ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس کیس کو این آئی اے فاسٹ ٹریک کورٹ ڈوڈہ کے سامنے چالان نمبر 163/2023 کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ کشتواڑ پولیس نے پوری تندہی سے معاملے کی چھان بین کی ہے اور اس کیس میں لگائے گئے الزامات کی تائید کے لیے خاطر خواہ ثبوت اکٹھے کیے ہیں۔ چالان کی تیاری ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔