عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ// موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرنے پر ڈوڈہ ضلع میں سنیچر کو 38 گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور لائسنس بھی معطل کئے گئے۔ یہ انفورسمنٹ مہم ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ہرویندر سنگھ کی براہ راست رہنمائی میں چلائی گئی اور اس کا مقصد ٹریفک قوانین کی تعمیل کو یقینی بنانا تھا۔ یہ کارروائی اے آر ٹی او راجیش گپتا کی نگرانی میں محکمہ پولیس کے تعاون سے کی گئی۔آپریشن قومی شاہراہ-244 پر موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ (ایم وی ڈی) کے ذریعہ عسر کے انٹری پوائنٹ سے 9کلومیٹر تک کیا گیا، جس کی قیادت موٹر وہیکل انسپکٹر کر رہے تھے۔ٹیم نے انفورسمنٹ مہم کے دوران 80 گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ جس دوران کئی گاڑیاں موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائی گئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ کئی ڈرائیور لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرتتے ہوئے پائے گئے وہیں متعدد موبائل فون استعمال کر رہے تھے۔ اُنہوں نے بتایا کہ موقع پر ہی 38 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ انفورسمنٹ مہم کے نتیجے میں کمپاؤنڈ چالان سے 20,500 جرمانہ وصول کیا گیا۔