نواز رونیال
رام بن // جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن کے شیر کشمیر ایمرجنسی ہسپتال بٹوت میں تعینات ڈاکٹروں کی ڈی اٹیچمنٹ کے خلاف بٹوت قصبے سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران نے حکومت کے فیصلے کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا۔ مقامی لیڈران نے کہا کہ سی ایچ سی بٹوت میں پہلے سے ہی عملہ کی قلت کا سامنا ہے وہیں چند اضافی ڈاکٹروں کی تعیناتی سے ہسپتال کا نظام بہتر چل رہا تھا۔ اس دوران انتظامیہ کے ڈی اٹیچمنٹ کے فیصلے سے پہلے بٹوت ہسپتال کیلئے ڈاکٹروں کی انتظام کے بعد ہی حکم پر عمل آوری کہ درخواست کرتے ہوئے مقامی سیاسی و سماجی لیڈران نے اپیل کی ہے کہ انتظامیہ اس جانب توجہ دے تاکہ بٹوت ہسپتال میں عوام کو صحت کی سہولت پہنچانے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سیاسی جماعتوں میں سے کانگریس، بی جے پی، نیشنل کانفرنس پی ڈی پی ،ڈی پی اے پی کے لیڈران نے حکومت و انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر عوام کی مدد کریں تاکہ ہسپتال کا اچھے سے چل رہا نظام درہم برہم نہ ہو جائے۔