عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//زرعی یونیورسٹی کے شعبہ فارسٹری نے ’جنگلات اور اس سے منسلک شعبوں میں کاروباری مواقع‘ کے عنوان سے گورنمنٹ ہائی اسکول (بوائز)بانڈی پورہ میں ایک روزہ آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز سکول کے ایک استاد ڈاکٹر نثار احمد پرہ کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔سوشل وبیسک سائنسزشعبہ کے سربراہ ڈاکٹر سید نسیم گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اسی سکول سے تعلیم حاصل کرچکے ہیں اور اس پروگرام کو صرف اسی سکول میں کرنے کے خواہشمند تھے۔ ڈاکٹر نسیم نے کہا کہ جنگلات اور اس سے منسلک شعبوں میں انٹرپرینیورشپ کے مواقع وسیع ہیں جو معاشی کامیابی اور ماحولیاتی استحکام دونوں کے امکانات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگلات کے منصوبے تیار کر سکتے ہیں اور ماحولیاتی تنظیموں اور حکومتی سے مالی تعاون حاصل کر سکتے ہیں‘۔انہوں نے مزید کہا کہ دیگر شعبوں میں کرکٹ بیٹ انڈسٹری شامل ہے۔ یہ صنعت بالواسطہ اور بلاواسطہ 50000 سے زیادہ افراد کو ملازمت دیتی ہے اور یہ 100 کروڑ روپے کی صنعت ہے۔ڈاکٹر گیلانی نے دواؤں اور خوشبودار پودوں کے حوالے سے کہا کہ اس میں پانچ سال کے بعد تقریباً 75 کروڑ روپے سالانہ دینے کی صلاحیت ہے۔